جب کسی کام میں اچھے برے کی پہچان نہ رہے توآغاز کو دیکھ کر انجام کو پہچان لینا چاہیے۔ حکمت 76
(١٥٦) وَ مِنْ خُطْبَةٍ لَّهٗ عَلَیْهِ السَّلَامُ
خطبہ (۱۵۶)
اَرْسَلَهٗ عَلٰی حِیْنِ فَتْرَةٍ مِّنَ الرُّسُلِ، وَ طُوْلِ هَجْعَةٍ مِّنَ الْاُمَمِ، وَ انْتِقَاضٍ مِّنَ الْمُبْرَمِ، فَجَآءَهُمْ بِتَصْدِیْقِ الَّذِیْ بَیْنَ یَدَیْهٖ، وَ النُّوْرِ الْمُقْتَدٰی بِهٖ. ذٰلِكَ الْقُرْاٰنُ فَاسْتَنْطِقُوْهُ، وَ لَنْ یَّنْطِقَ، وَ لٰكِنْ اُخْبِرُكُمْ عَنْهُ: اَلَا اِنَّ فِیْهِ عِلْمَ مَا یَاْتِیْ، وَ الْحَدِیْثَ عَنِ الْمَاضِیْ، وَ دَوَآءَ دَآئِكُمْ، وَ نَظْمَ مَا بَیْنَكُمْ.
(اللہ نے) آپؐ کو اس وقت رسول بنا کر بھیجا جب کہ رسولوں کا سلسلہ رکا ہوا تھا اور اُمتیں مدت سے پڑی سو رہی تھیں اور (دین کی) مضبوط رسی کے بل کھل چکے تھے۔ چنانچہ آپؐ ان کے پاس پہلی کتابوں کی تصدیق (کرنے والی کتاب) اور ایک ایسا نور لے کر آئے کہ جس کی پیروی کی جاتی ہے اور وہ قرآن ہے۔ اس کتاب سے پوچھو لیکن یہ بولے گی نہیں، البتہ میں تمہیں اس کی طرف سے خبر دیتا ہوں کہ اس میں آئندہ کے معلومات، گزشتہ واقعات اور تمہاری بیماریوں کا چارہ اور تمہارے باہمی تعلقات کی شیرازہ بندی ہے۔
[مِنْهَا]
[اس خطبہ کا ایک جز یہ ہے]
فَعِنْدَ ذٰلِكَ لَا یَبْقٰی بَیْتُ مَدَرٍ وَّ لَا وَبَرٍ اِلَّا وَ اَدْخَلَهُ الظَّلَمَةُ تَرْحَةً، وَ اَوْلَجُوْا فِیْهِ نِقْمَةً، فَیَوْمَئِذٍ لَّا یَبْقٰی لَکُمْ فِی السَّمَآءِ عَاذِرٌ، وَ لَا فِی الْاَرْضِ نَاصِرٌ.
اس وقت کوئی پختہ گھر اور کوئی اونی خیمہ ایسا نہ بچے گا کہ جس میں ظالم غم و حزن کو داخل نہ کریں اور سختیوں کو اس کے اندر نہ پہنچائیں۔ وہ دن ایسا ہو گا کہ آسمان میں تمہارا کوئی عذر خواہ اور زمین میں کوئی تمہارا مدد گار نہ رہے گا۔
اَصْفَیْتُمْ بِالْاَمْرِ غَیْرَ اَهْلِهِ، وَ اَوْرَدْتُّمُوْهُ غَیْرَ مَوْرِدِهٖ، وَ سَیَنْتَقِمُ اللهُ مِمَّنْ ظَلَمَ، مَاْكَلًۢا بِمَاْكَلٍ، وَ مَشْرَبًۢا بِمَشْرَبٍ، مِنْ مَّطَاعِمِ الْعَلْقَمِ، وَ مَشَارِبِ الصَّبِرِ وَ الْمَقِرِ، وَ لِبَاسِ شِعَارِ الْخَوْفِ، وَ دِثَارِ السَّیْفِ. وَ اِنَّمَا هُمْ مَطَایَا الْخَطِیْٓئَاتِ وَ زَوَامِلُ الْاٰثَامِ.
تم نے امر (خلافت) کیلئے نااہلوں کو چن لیا اور ایسی جگہ پر سے لا اتارا کہ جو اس کے اترنے کی جگہ نہ تھی۔ عنقریب اللہ ظلم ڈھانے والوں سے بدلہ لے گا۔ کھانے کے بدلے میں کھانے کا اور پینے کے بدلے میں پینے کا۔ یوں کہ انہیں کھانے کیلئے حنظل اور پینے کیلئے ایلوا اور زہر ہلا ہل دیا جائے گا اور ان کا اندرونی لباس خوف اور بیرونی پہناوا تلوار ہو گا۔ وہ گناہوں کی سواریاں اور خطاؤں کے بار بردار اونٹ ہیں۔
فَاُقْسِمُ، ثُمَّ اُقْسِمُ، لَتَنْخَمَنَّهَا اُمَیَّةُ مِنْۢ بَعْدِیْ كَمَا تُلْفَظُ النُّخَامَةُ، ثُمَّ لَا تَذُوْقُهَا وَ لَا تَتَطَعَّمُ بِطَعْمِهَاۤ اَبَدًا مَّا كَرَّ الْجَدِیْدَانِ!.
میں قسم پر قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میرے بعد بنی امیہ کو یہ خلافت اس طرح تھوک دینا پڑے گی جس طرح بلغم تھوکا جاتا ہے۔ پھر جب تک دن رات کا چکر چلتا رہے گا وہ اس کا ذائقہ نہ چکھیں گے اور نہ اس کا مزا اٹھا سکیں گے۔